پاسداران انقلاب کا آبنائے ہرمز مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان، امریکی مداخلت پر سخت ردعمل کی دھمکی

تہران (ویب ڈیسک) ایران کے انقلابی گارڈز (آئی آر جی سی) کی بحریہ نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو اگلے حکم تک مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق آئی آر جی سی بحریہ نے اپنے بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز میں غیر ملکی مداخلت اور جہاز رانی کے لیے مبینہ طور پر غیر قانونی راستہ مقرر کرنے کی کسی بھی کوشش کا سخت جواب دیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ متعدد بحری جہازوں نے انتباہ کے باوجود اپنا راستہ تبدیل نہیں کیا اور مقررہ بحری راستے پر منتقل ہونے کی ہدایات کو نظر انداز کیا۔ ایرانی حکام کے مطابق ایک بحری جہاز نے اپنے شناختی اور نگرانی کے نظام بند کر دیے تھے، جس سے سمندری سلامتی کو خطرہ لاحق ہوا، تاہم انتباہی فائرنگ کے بعد اسے روک لیا گیا۔

ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا کہ جب تک خطے میں امریکی مداخلت ختم نہیں ہوتی، کسی بھی بحری جہاز کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر ایران کے خلاف کوئی نیا حملہ یا خلاف ورزی کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا، جس میں خطے میں موجود دشمن کے نئے اڈوں کو نشانہ بنانا بھی شامل ہو سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button