عمران خان کی حراست پر آسٹریلیا کے7سابق کپتان بھی متحرک، پینی وونگ سے رابطہ

سڈنی(جانو ڈاٹ پی کے) آسٹریلیا کے 7 سابق کرکٹ کپتانوں نے پاکستان میں سابق وزیراعظم عمران خان کی حراست، انسانی حقوق اور طبی سہولیات سے متعلق تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ سے رابطہ کرلیا۔
آسٹریلوی کرکٹ کے سابق کپتان ایلن بارڈر، گریگ چیپل، آئن چیپل، بیلنڈا کلارک، کم ہیوز، مارک ٹیلر اور اسٹیو وا نے وزیر خارجہ کو خط لکھا، جس میں واضح کیا گیا کہ وہ یہ معاملہ کسی سفارتی یا سیاسی حیثیت سے نہیں بلکہ سابق کرکٹ کپتانوں کی حیثیت سے انسانی بنیادوں پر اٹھا رہے ہیں۔
خط میں سابق کرکٹرز نے عمران خان کے خلاف جاری قانونی یا سیاسی مقدمات کے حوالے سے کوئی مؤقف اختیار کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تشویش کا مرکز زیرحراست کسی بھی شخص کے ساتھ انسانی سلوک ہے، خواہ اس کے سیاسی خیالات کچھ بھی ہوں۔
سابق کپتانوں نے عمران خان کے اہل خانہ کی جانب سے ان کی صحت، محدود طبی سہولیات، ملاقاتوں میں رکاوٹوں اور قانونی مشاورت تک محدود رسائی سے متعلق ظاہر کیے گئے خدشات کا بھی حوالہ دیا۔
خط کے ذریعے آسٹریلوی وزیر خارجہ کی توجہ عمران خان کی حراست کے دوران ان کی صحت اور انسانی ضروریات سے متعلق مبینہ مسائل کی جانب مبذول کرائی گئی۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب اس سے قبل 22 سابق عالمی کپتانوں نے بھی وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر عمران خان کے طبی معائنے، اہل خانہ سے ہفتہ وار ملاقاتوں اور ضروری علاج کی فراہمی کا مطالبہ کیا تھا۔
یوں عمران خان کی حراست اور طبی سہولیات کا معاملہ ایک بار پھر بین الاقوامی کرکٹ حلقوں اور انسانی حقوق سے متعلق بحث میں نمایاں ہوگیا ہے۔



