حب میں پاکستان کانیا آئل سٹی،بڑا پٹرولیم لاجسٹک اور ٹریڈنگ حب بنانے کی تیاری

کوئٹہ(جانو ڈاٹ پی کے) بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں جدید آئل سٹی قائم کرنے کے منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی پر وزارتِ پیٹرولیم نے باقاعدہ کام شروع کردیا، جس کا مقصد پاکستان کو خطے میں ایک بڑا پیٹرولیم لاجسٹک اور ٹریڈنگ حب بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مجوزہ آئل سٹی میں آف شور سنگل پوائنٹ مورنگ سہولت قائم کرنے کی تجویز ہے، جس کے تحت بڑے تیل بردار جہاز سمندر میں لنگر انداز ہو کر تیل کی منتقلی کرسکیں گے۔
منصوبے کے تحت وسیع پیمانے پر بانڈڈ اسٹوریج سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی، جہاں بین الاقوامی کمپنیاں فوری طور پر ڈیوٹی اور ٹیکس ادا کیے بغیر پٹرولیم مصنوعات ذخیرہ کرسکیں گی۔
مجوزہ آئل سٹی کے آف شور ٹرمینل کو قومی سپلائی نیٹ ورک سے منسلک کرنے کے لیے دو نئی مخصوص پائپ لائنز بچھانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
منصوبے کے مطابق پہلی پائپ لائن کے ذریعے خام تیل کیماڑی کی تنصیبات تک پہنچایا جائے گا جبکہ دوسری پائپ لائن کو پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کے لیے پورٹ قاسم اور وائٹ آئل پائپ لائن سے منسلک کیا جائے گا۔
مجوزہ آئل سٹی کو پہلے سے موجود وائٹ آئل پائپ لائن اور دیگر قومی پائپ لائن نیٹ ورک سے بھی جوڑنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
منصوبہ مکمل ہونے کی صورت میں پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمد، ذخیرہ اور ترسیل کے نظام میں بڑی تبدیلی آسکتی ہے جبکہ حب کو ملک کے اہم پیٹرولیم لاجسٹک اور تجارتی مراکز میں شامل کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔



