صوابی سے جنوبی وزیرستان تک لمپی اسکن کا پھیلاؤ، مویشی خطرے میں

پشاور(جانو ڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں مویشیوں میں لمپی اسکن بیماری تیزی سے پھیلنے لگی، صوابی، جنوبی وزیرستان اپر اور چارسدہ میں متعدد مویشی متاثر جبکہ کئی جانور ہلاک ہوگئے۔

صوابی کی تحصیل رزڑ میں گزشتہ ایک ماہ سے لمپی اسکن بیماری پھیلنے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ یارحسین، یعقوبی، دوبیان اور دیگر علاقوں میں سیکڑوں مویشی مبینہ طور پر بیماری کا شکار ہوچکے ہیں، جس کے باعث مویشی پال افراد میں تشویش پائی جاتی ہے۔

ڈپٹی کمشنر صوابی ڈاکٹر طارق اللہ کے مطابق ضلع میں مویشیوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 68 ہزار 699 ہے اور لمپی اسکن سے بچاؤ کے لیے محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے ویکسینیشن مہم جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 7 جولائی سے 14 ستمبر تک 14 ہزار 100 مویشیوں کو ویکسین کی خوراکیں دی جاچکی ہیں جبکہ مزید 850 خوراکیں دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ مویشی پال افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت نجی طور پر بھی تقریباً 40 ہزار مویشیوں کی ویکسینیشن کرائی ہے۔

دوسری جانب جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل کانی گرم میں بھی لمپی اسکن کے باعث صورتحال تشویشناک ہوگئی ہے، جہاں بیماری سے 3 گائیں ہلاک جبکہ درجنوں دیگر جانور متاثر ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ویکسینیشن کا عمل جاری ہے۔

لمپی اسکن کے پھیلاؤ کے باعث مویشی پال افراد نے بیماری کی روک تھام، بروقت ویکسینیشن اور متاثرہ جانوروں کے مؤثر علاج کے لیے اقدامات مزید تیز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button