سرکاری نرخ 300 روپے، لاہور میں ایل پی جی 500 روپے کلو تک فروخت، شہری پریشان


لاہور (جانوڈاٹ پی کے) ایل پی جی کی سرکاری قیمت 300 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود اوپن مارکیٹ میں من مانی قیمتوں پر فروخت جاری ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی 450 سے 500 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی مسلسل بڑھتی قیمتوں نے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے۔
صارفین کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں روزانہ کی بنیاد پر 10 سے 20 روپے فی کلو تک اضافہ کیا جا رہا ہے، جبکہ مہنگے داموں گیس خریدنا ان کے لیے مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
شہریوں نے شکوہ کیا کہ گھروں میں گیس کی فراہمی نہ ہونے کے باعث انہیں ایل پی جی استعمال کرنا پڑتی ہے، لیکن بڑھتی قیمتوں کے باعث مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ایل پی جی کی فروخت سرکاری نرخوں پر یقینی بنانے کے لیے مؤثر کارروائی کی جائے۔