کے ٹو ایئرویز کے دفاتر سیل،تحقیقاتی ٹیم نے تمام ریکارڈ تحویل میں لے لیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)کے ٹو ایئرویز کے کراچی ائیرپورٹ پر واقع بیشتر دفاتر سیل کردیے گئے، تحقیقاتی ٹیم بیورو آف سیفٹی انویسٹی گیشن کی ٹیم نے تمام ریکارڈ اپنی تحویل میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق بیورو آف سیفٹی انویسٹی گیشن کی ٹیم کی قیادت ائیر کموڈور احسن لیڈ کررہے ہیں، بدھ کو ٹیم نے تمام ریکارڈ اپنی تحویل میں لے لیا جب کہ حاصل شدہ ریکارڈ کی رپورٹ وزارت دفاع کو جمع کرائے گی۔
واضح رہے کہ ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نادر شفیع ڈار کی ہدایت پر کےٹو ائیرویز کے 4 دفاتر کو سیل کردیا گیا تھا، سیل شدہ دفاتر پروازوں کے آمدروفت کے ریکارڈ سے متعلق تھے۔
ذرائع کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کے تھرڈ فلور پر کارگو طیارہ کمپنی کے 5 دفاتر قائم ہیں، ایچ آر سمیت دیگر دفتری امور کے حامل اور عملے سے پوچھ گچھ کے لیے کےٹو ائیرویز کے ایک دفتر کو محکمانہ کارروائی کے دوران چھوٹ دی گئی ہے۔
سی اے اے اور پی اے اے حکام نے سیل دفاتر کو ٹیک اوور کرلیا ہے۔



