وزیراعظم کی گلگت بلتستان کیلئے100میگاواٹ سولر منصوبے میں شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے لیے100میگاواٹ سولر منصوبے میں شفافیت اور بروقت تکمیل یقینی کی ہدایت کی ہے۔گلگت بلتستان کے لیے100میگاواٹ شمسی توانائی منصوبے پر جائزہ اجلاس وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں منصوبے پر پیشرفت اور آئندہ مراحل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماحول دوست، صاف، سستی اور پائیدار توانائی کا فروغ قومی توانائی پالیسی کا اہم جزو ہے۔100 میگاواٹ سولر منصوبہ وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام کے لیے ایک تحفہ ہے۔انہوں نے پاور ڈویژن کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تنصیب اور بروقت تکمیل کے حوالے سے ذمہ داریاں مؤثر انداز میں پوری کی جائیں۔ شہباز شریف نے زور دیا کہ سولر منصوبے کے لیے خریداری کے تمام مراحل میں مکمل شفافیت یقینی بنائی جائے اور تمام ادائیگیاں تیسرے فریق کی توثیق کے بعد ہی کی جائیں۔



