عوامی مسائل کے حل کے لیے سید ایاز علی شاہ شیرازی متحرک، شیرازی ہاؤس مکلی میں شہریوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے) رکن قومی اسمبلی، سابق وفاقی وزیر مملکت برائے فوڈ سیکیورٹی اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے رکن سید ایاز علی شاہ شیرازی سے شیرازی ہاؤس مکلی میں عوامی ملاقاتوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جہاں مختلف علاقوں سے آنے والے شہریوں نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔
گزشتہ روز اور رات گئے ہونے والی ملاقاتوں میں بخاری محلہ، مکلی کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی اور دیگر علاقوں کے معززین اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ملاقات کے دوران شہریوں نے بجلی کی کم وولٹیج، لوڈشیڈنگ اور دیگر عوامی مسائل سے متعلق اپنی شکایات پیش کیں۔
سید ایاز علی شاہ شیرازی نے موقع پر ہی متعلقہ اداروں کے افسران سے رابطہ کرکے عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ عوام کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں، خصوصاً بجلی کے مسائل کے حل کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں اور متعدد مسائل پہلے ہی حل کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے والد مرحوم سید اعجاز علی شاہ شیرازی نے ہمیشہ عوامی خدمت کو اپنی سیاست کا محور بنایا، اور وہ بھی اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
ملاقات کے دوران مختلف برادریوں کے معززین نے سید ایاز علی شاہ شیرازی کو اجرک اور لونگیاں بطورِ تحفہ پیش کیں۔ ملاقات میں شیرازی خاندان کے پگارہ سید سونو شاہ شیرازی، وڈیرہ رسول بخش جاکھرو، وڈیرہ گل حسن شورو سمیت سید، میمن، خاصخیلی، پالاری، ملاح، بروہی اور دیگر برادریوں کے معززین کے علاوہ بابو بھائی، عبدالواحد خان، ڈاکٹر محمد علی میمن، ظہور میمن، ذیشان میمن، رزاق میمن، ریحان کلہوڑو اور سیکڑوں شہری شریک ہوئے۔



