پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے انڈونیشین نیول چیف کی ملاقات،مشترکہ بحری مشقوں اور تربیتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے انڈونیشین نیوی کے چیف ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر انڈونیشین نیول چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، انڈونیشین نیول چیف نے یادگارِ شہدا پر پھول رکھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی بحری سلامتی اور دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین نے تربیت، باہمی دوروں اور مشترکہ بحری مشقوں کے ذریعے تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انڈونیشین نیوی کے سربراہ نے علاقائی بحری سلامتی کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کراچی کے دورے کے دوران ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے پاک بحریہ کے فیلڈ کمانڈرز سے ملاقات کی۔
ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کے منیجنگ ڈائریکٹر سے بھی ملاقات کی، پاک بحریہ کے فلیٹ یونٹ اور جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈی نیشن سینٹر کا دورہ بھی کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی کا دورہ پاک انڈونیشیا دفاعی اور بحری تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔



