کیف پر روس کا شدید میزائل اور ڈرون حملہ، 9 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

کیف/ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) یوکرین کے دارالحکومت کیف پر روس کے رات گئے کیے گئے میزائل اور ڈرون حملوں میں کم از کم 9 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق وسطی اور مشرقی کیف میں عالمی میڈیا کے صحافیوں نے 12 سے زائد دھماکوں کی آوازیں سنیں، جبکہ شہریوں کو تیزی سے میٹرو اسٹیشنز کی جانب جاتے دیکھا گیا، جنہیں ہنگامی پناہ گاہوں کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
کیف کے میئر نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں کہا کہ شہر پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے حملے کیے جا رہے ہیں، جبکہ پورے دارالحکومت میں مسلسل دھماکوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔
یہ حملہ یوکرین کی فضائیہ کی جانب سے دارالحکومت کی جانب بڑھنے والے بیلسٹک میزائلوں سے متعلق انتباہ جاری کیے جانے کے بعد کیا گیا۔
واضح رہے کہ روس فروری 2022 میں جنگ کے آغاز کے بعد سے کیف سمیت یوکرین کے مختلف شہروں پر میزائل اور ڈرون حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔
دوسری جانب یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے انٹیلی جنس اطلاعات موصول ہونے کے بعد آئرلینڈ کے شہر ڈبلن کا اپنا دورہ مختصر کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ روس ایک بڑے حملے کی تیاری طویل عرصے سے کر رہا تھا۔
صدر زیلنسکی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتہائی احتیاط کریں، اپنے اہلِ خانہ خصوصاً بچوں کی حفاظت یقینی بنائیں اور خطرے کے وقت بنکروں اور محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہو جائیں۔



