کراچی:جائیداد کے تنازع پر بیٹے نے دوست کو آئی فون کا لالچ دیکر باپ کو قتل کروادیا، ملزمان گرفتار

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں جائیداد کے تنازع پر بیٹے نے اپنے دوست کو 15 ہزار روپے اور آئی فون کا لالچ دے کر باپ کو قتل کروا دیا۔ پولیس نے دونوں کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملیر ابراہیم حیدری میں جائیداد کے تنازع پر بیٹے کی جانب سے اپنے ہی باپ کو قتل کروانے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جدید ٹیکنالوجی اور خفیہ معلومات کی مدد سے اندھے قتل کی اس واردات کو چند ہی دنوں میں حل کرتے ہوئے مقتول کے بیٹے اور اس کے دوست کو گرفتار کرلیا۔
یہ واقعہ تھانہ ابراہیم حیدری کی حدود لیبر کالونی میں 23 جون کو پیش آیا تھا، جہاں 52 سالہ شہری محمد اقبال کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔
پولیس تحقیقات میں گرفتار ملزم اعجاز نے اپنے باپ کے قتل کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ والد سے جائیداد کا تنازع چل رہا تھا، باپ کو راستے سے ہٹانے کے لیے اپنے دوست شیراز کو 15 ہزار روپے اور آئی فون کی پیشکش کی، جس نے اس کے والد کو گولیاں مار کر قتل کیا۔
ملزمان نے قتل کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا رنگ دینے کی کوشش کی تھی۔ پولیس نے ملزمان سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔



