کاہنہ سانحہ: جاں بحق بچوں کے لواحقین کیلئے 20، 20 لاکھ روپے امداد، غیرقانونی ٹیوشن سینٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پنجاب حکومت نے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے المناک سانحے میں جاں بحق ہونے والے 14 بچوں کے لواحقین کیلئے 20، 20 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کر دیا۔

مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ذیشان ملک کے مطابق جاں بحق بچوں کے والدین کو 20، 20 لاکھ روپے جبکہ زخمی بچوں اور ٹیچر کو 5، 5 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے علاقے کاہنہ میں گھر میں قائم ایک ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 14 بچے جاں بحق جبکہ 8 بچے اور ایک خاتون ٹیچر زخمی ہو گئے تھے، جن کا مختلف ہسپتالوں میں علاج جاری ہے۔

دوسری جانب سانحے کے بعد لاہور میں غیرقانونی اور غیررجسٹرڈ ٹیوشن سینٹرز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی نے شہر بھر کے تمام غیررجسٹرڈ ٹیوشن سینٹرز کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو تین روز میں مکمل ریکارڈ مرتب کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

حکام کے مطابق گھروں میں بغیر اجازت کمرشل بنیادوں پر چلنے والے ٹیوشن سینٹرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی، خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے عائد کیے جائیں گے جبکہ غیرقانونی ٹیوشن سینٹرز کو سیل بھی کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button