چین، سعودی عرب کا خطے میں امن کیلئے سفارتی کوششیں تیز کرنے پر اتفاق، ایران امریکا مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد پر زور

بیجنگ(ویب ڈیسک) چینی وزیر خارجہ وانگ یی اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان بیجنگ میں ہونے والی ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، امریکا۔ایران مفاہمتی یادداشت اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ مذاکرات کا تسلسل اور جلد ایک جامع معاہدے تک پہنچنا خطے میں دیرپا امن کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت پر مؤثر عملدرآمد ضروری ہے، جبکہ موجودہ جنگ بندی کی صورتحال کو بھی مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔

وانگ یی کا کہنا تھا کہ جنگ کے مقابلے میں مذاکرات اور تصادم کے بجائے مکالمہ ہی مسائل کا بہترین حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین، سعودی عرب کے ساتھ مل کر خطے میں کشیدگی کم کرنے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ون چائنا پالیسی کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب چین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے اور علاقائی امن، استحکام اور مشترکہ تعاون کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے روابط مزید مضبوط بنائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان دو روزہ سرکاری دورے پر چین میں موجود ہیں، جہاں وہ اعلیٰ چینی قیادت سے مختلف اہم علاقائی اور دوطرفہ امور پر ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button