امریکا، ایران مذاکرات پر غیر یقینی برقرار، عالمی تیل مہنگا، ایشیائی سٹاک مارکیٹوں میں ملا جلا رجحان

سنگاپور(ویب ڈیسک) امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی رابطوں اور جنگ کے خاتمے سے متعلق مذاکرات پر غیر یقینی صورتحال کے باعث عالمی تیل کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ ایشیائی سٹاک مارکیٹوں میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا۔

بین الاقوامی تجارتی اعداد و شمار کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 0.45 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی قیمت 73.28 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی خام تیل (WTI) کی قیمت بھی 0.49 فیصد اضافے کے ساتھ 69.84 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق اگرچہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بتدریج بحال ہو رہی ہے، تاہم صورتحال تاحال مکمل طور پر معمول پر نہیں آئی۔ جہازوں کی نقل و حرکت غیر مساوی، غیر متوقع اور محدود ہونے کے باعث عالمی توانائی کی منڈی میں غیر یقینی کیفیت برقرار ہے۔

دوسری جانب ایشیائی سٹاک مارکیٹوں میں ملا جلا رجحان ریکارڈ کیا گیا۔ جاپان کے نکی 225 انڈیکس میں 0.6 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ آسٹریلیا کے S&P/ASX 200 انڈیکس میں 0.4 فیصد کمی دیکھی گئی۔ جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس میں 1.8 فیصد کی نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی، جبکہ چین کے شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس میں 0.1 فیصد معمولی اضافہ ہوا۔ ہانگ کانگ کی سٹاک مارکیٹ سرکاری تعطیل کے باعث بند رہی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور عالمی سفارتی پیش رفت آئندہ دنوں میں تیل اور مالیاتی منڈیوں کی سمت کا تعین کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

مزید خبریں

Back to top button