امریکا کا متحد اور پرامن لیبیا کے قیام کی حمایت کا اعادہ، اتحاد کی بحالی کیلئے تعاون جاری رکھنے کا اعلان


واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا نے لیبیا میں قومی اتحاد کی بحالی اور پائیدار امن کے قیام کی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس مقصد کے لیے اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔
عالمی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے واشنگٹن میں لیبیائی نیشنل آرمی کے نائب کمانڈر صدام حفتر سے ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکی انتظامیہ لیبیا میں استحکام، اتحاد اور امن کے فروغ کے لیے اپنے اتحادیوں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔
مارکو روبیو نے بتایا کہ ملاقات کے دوران لیبیا کی فوج کو متحد کرنے، ریاستی اداروں کو مضبوط بنانے اور ملک میں پائیدار امن کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امریکا لیبیائی قیادت اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایک پرامن، متحد اور خوشحال لیبیا کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا۔