اے آئی سے بنی جعلی شادی کی تصاویر وائرل، توثیق حیدر اور فرح سعدیہ کا مزاحیہ ردعمل

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کے معروف ٹی وی میزبان، اداکار اور ریڈیو براڈکاسٹر توثیق حیدر اور سینئر اداکارہ و میزبان فرح سعدیہ نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اپنی مبینہ شادی کی جعلی تصاویر پر ردعمل دیتے ہوئے ان افواہوں کی دوٹوک انداز میں تردید کر دی ہے۔
حال ہی میں مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کی گئی چند تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئیں، جن میں دونوں فنکاروں کو دلہا دلہن کے روپ میں دکھایا گیا تھا۔ تصاویر سامنے آنے کے بعد متعدد صارفین نے انہیں حقیقی سمجھتے ہوئے دونوں کی شادی سے متعلق قیاس آرائیاں شروع کر دیں۔
افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے توثیق حیدر اور فرح سعدیہ نے نہایت مزاحیہ انداز اپنایا اور واضح کیا کہ ان کی شادی کی خبریں سراسر بے بنیاد ہیں۔ دونوں نے کہا کہ وہ صرف اچھے دوست ہیں اور اے آئی کے ذریعے ایسی جعلی تصاویر بنانے والوں کو چاہیے کہ وہ اپنا وقت کسی زیادہ مثبت اور تعمیری کام میں صرف کریں۔
توثیق حیدر پاکستان کے سینئر ٹی وی اور ریڈیو میزبانوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے 1987 میں ریڈیو پاکستان سے بطور نیوز کاسٹر اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور ایف ایم ریڈیو کی پہلی آواز ہونے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے ٹی وی میزبانی کے ساتھ ساتھ اداکاری میں بھی کامیابی حاصل کی اور کئی مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری سے ناظرین کی توجہ حاصل کی۔
دوسری جانب فرح سعدیہ پاکستان کی معروف ٹی وی میزبان اور اداکارہ ہیں، جنہوں نے ڈرامہ ’’بندھن‘‘ سے شہرت حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے کئی کامیاب ڈراموں اور طویل عرصے تک مارننگ شوز کی میزبانی کے ذریعے اپنی منفرد شناخت بنائی۔



