بدین:عوامی تحریک کا 28ویں آئینی ترمیم، پانی کی قلت، مہنگائی اور منشیات کیخلاف شدید احتجاج

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)سندھ میں پانی کی مصنوعی قلت، ممکنہ 28ویں آئینی ترمیم کے ذریعے سندھ کی تقسیم کی سازش، لڑکیوں کے قتلِ عام، مہنگائی اور منشیات کے خلاف عوامی تحریک کی مرکزی اپیل پر عوامی تحریک تعلقہ ٹنڈو باگو کی جانب سے ٹنڈو باگو میں اللہ والا چوک سے ایک ریلی نکالی گئی اور بدر چوک پر دھرنا دیا گیا اس موقع پر عوامی تحریک کے مرکزی سینئر نائب صدر نور احمد کاتیار، ضلعی صدر مہران درس، جیون کمار، ایڈووکیٹ سچل ہالیپوٹو، مختیار بکاری، ایڈووکیٹ محبت ہالیپوٹو، آبادگار رہنما دلبر سندھی، مہیندر مینگھواڑ، سلیمان ہالیپوٹو اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں اس وقت مصنوعی طور پر قحط جیسی صورتحال پیدا کر دی گئی ہے انہوں نے کہا کہ سندھ میں خریف کی فصلوں کی کاشت کا موسم جاری ہے، مگر سندھ کو اس کے حصے کا پانی نہیں دیا جا رہا، جس کے باعث ضلع بدین کے تمام نہروں کے آخری سروں پر پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔ کئی علاقوں میں لوگ اب تک دھان کی نرسریاں بھی نہیں لگا سکے، جبکہ وہاں انسانوں، مویشیوں اور جنگلی حیات کے لیے پینے کے پانی کا شدید بحران پیدا ہو گیا ہے
مقررین کا کہنا تھا کہ نلکے اور کنویں بھی کھارے ہو چکے ہیں، جس کے باعث دریائے سندھ کے وارث لوگ جوہڑوں اور گڑھوں کا گندا اور زہریلا پانی پینے پر مجبور ہیں، جو سراسر ظلم اور زیادتی ہے انہوں نے کہا کہ سندھ کو خواتین کے لیے قتل گاہ بنا دیا گیا ہے، جہاں آئے روز معصوم اور بے گناہ لڑکیوں کا قتل عام جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بدین سمیت پورے سندھ میں منشیات کا کاروبار عام ہو چکا ہے، جس میں حکومت کے منتخب نمائندے بھی ملوث ہیں، اور اس کے نتیجے میں نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے رہنماؤں نے کہا کہ حکمران عالمی مالیاتی اداروں کا بہانہ بنا کر مصنوعی مہنگائی مسلط کر رہے ہیں، جس کے باعث غریب عوام خودکشیوں پر مجبور ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 28ویں آئینی ترمیم ملک کو توڑنے کی سازش ہے، جسے سندھ کے عوام کسی صورت قبول نہیں کریں گے
مقررین نے مطالبہ کیا کہ بدین سمیت پورے سندھ میں پانی کی قلت، منشیات اور کمر توڑ مہنگائی کا خاتمہ کیا جائے، جھوٹی غیرت اور کاروکاری کے نام پر لڑکیوں کے قتل بند کیے جائیں اور ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دی جائے انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ بدین تا ٹنڈو باگو، ٹنڈو باگو تا خیرپور گمبو، ٹنڈو باگو تا ڈگھڑی، ڈئی سے غلام شاہ کھڈہرو، کھڈہرو تا ڈبھیرو روڈ، سانگی پھرھو تا خیرپور روڈ، خیرپور تا جھڈو روڈ سمیت دیگر رابطہ سڑکوں کی فوری مرمت کر کے عوام کو آمدورفت کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں انہوں نے کہا کہ آئی ٹی ڈگری کالج ٹنڈو باگو کو فوری طور پر بحال کر کے تدریسی عمل شروع کیا جائے، جبکہ تعلقہ ٹنڈو باگو کے تمام ہائر سیکنڈری، مڈل اور پرائمری اسکولوں کو عمارتیں، فرنیچر اور اساتذہ فراہم کر کے تعلیم کو تباہی سے بچایا جائے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ تعلقہ اسپتال کی نئی عمارت کا کام جلد مکمل کر کے عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں، ٹنڈو باگو۔بدین روڈ پر لگائے گئے درختوں کی کٹائی اور چوری روکی جائے اور تمام سڑکوں کے کنارے مزید شجرکاری کی جائے انہوں نے بدامنی اور چوریوں کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹنڈو باگو شہر میں جاری ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کیے جائیں اور گیس و بجلی کی مصنوعی لوڈشیڈنگ ختم کی جائے۔



