پیٹرول مزید مہنگا ہوگا، عوام حکومت پر اعتماد رکھیں، وزیر پیٹرولیم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے اور آنے والے دنوں میں مزید اضافہ بھی ہوسکتا ہے، تاہم عوام حکومت پر اعتماد رکھیں۔
علی پرویز ملک نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی مخالفت کو ریاستی مفاد کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پر ایسا دباؤ نہیں ڈالنا چاہیے جس کے نتیجے میں ریاست کے مفاد پر سمجھوتہ کرنا پڑے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کا عمل شروع کر دیا ہے جبکہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) رواں ماہ جائزے کے لیے پاکستان آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کو ہدایت دیں گے کہ عوام کے لیے ریلیف کی گنجائش پیدا کرنے کی کوشش کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اوگرا شفاف طریقہ کار کے تحت روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرتا ہے، حکومت کوئی بھی فیصلہ بے سوچے سمجھے نہیں کر رہی بلکہ ہر اقدام کے پیچھے ایک منطق موجود ہوتی ہے۔ ملک میں درپیش مسائل کے حل کے لیے حکومت اور عوام کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ اس وقت حکومت کی سب سے بڑی تشویش گیس سیکٹر ہے۔ قطر سے 30 ملین ڈالر کا گیس کارگو دستیاب نہیں ہو رہا، جس کے باعث اب اسی گیس کو تقریباً 100 ملین ڈالر میں حاصل کرنا پڑ رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 10 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 384 روپے 34 پیسے فی لیٹر ہوگئی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 6 روپے 41 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو کر 415 روپے 83 پیسے فی لیٹر ہوگیا۔



