35 ارب کے جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کرنیوالا ملزم لاہورسے گرفتار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی لاہور نےکارروائی کرتے ہوئے 35 ارب روپے(12 کروڑ 60 لاکھ ڈالر )کے جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کے مرکزی ملزم کوگرفتار کرلیا۔

لاہور  میں این سی سی آئی اےکے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ خانیوال سے تعلق رکھنے والے ملزم فہیم اکرم نے مبینہ طور پر ایک ویب سائٹ تیار کی، جس کے ذریعے امریکی پوسٹل کمپنی کے نظام کو بائی پاس کرکے 50 لاکھ سے زائد ٹکٹ فروخت کیے، ملزم کی تلاش اور گرفتاری کے لیے 10 روز تک آپریشن جاری رہا، جس کے بعد ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اےکے مطابق ملزم فہیم اکرم نے امریکی ٹکٹوں کی آن لائن فروخت سے 35 ارب روپےکا فراڈ کیا۔ ملزم  جعلی ویب سائٹ بنا کر 3 سال تک ( اگست 2023 سے ستمبر 2026 تک)  جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کرتا رہا۔ملزم کی جانب سے 16 بینک اکاؤنٹس استعمال کیے جانےکا انکشاف ہوا ہے۔ ملزم نے بھائی، اہلیہ، بہن اور خالہ کے بینک اکاؤنٹس بھی استعمال کیے۔

عاطف امیر کے مطابق تحقیقات کے لیے پنجاب، اسلام آباد اور سندھ میں 8 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ 35 مقامات پر چھاپے مارے اور 47 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ 122 کال ریکارڈز، 50 آئی ایم ای آئی ٹریکنگ رپورٹس، 120 کیمروں کی ویڈیو، آڈیو کا تجزیہ کیا گیا۔ ملزم کا سراغ لگانے کے لیے 10 روز تک لوکیٹر آپریشن بھی جاری رہا۔

عاطف امیر کاکہنا تھا کہ کیس کی تفتیش کے لیے 8 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو مالی لین دین اور اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کے کردار کی جانچ رہی ہیں۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں امریکی ریاست فلوریڈا میں فہیم اکرم کے خلاف امریکی پوسٹل سروس کو 12 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا نقصان پہنچانے کے الزام میں فرد جرم عائدکی گئی تھی۔

امریکی اٹارنی کے دفتر کی ویب سائٹ کے مطابق ملزم نے ڈاک کے وزن یا منزل سے قطع نظر ہر ٹکٹ کی قیمت 2 ڈالر رکھی تھی جو امریکی پوسٹل سروس کے ٹکٹ کی قیمت سے بہت کم تھی، ملزم نے اس طرح کے 51 لاکھ ٹکٹ فروخت کیے۔

امریکی پوسٹل انسپیکشن سروس نے ملزم کی گرفتاری کے حوالے سے اطلاع دینے پر ایک لاکھ امریکی ڈالر کے انعام کا اعلان بھی کیا تھا اور کہا تھا کہ  امریکا کی رسائی اپنی سرحدوں سے باہر تک ہے، امریکی پوسٹل سروس سے فراڈ کرنے والوں کو ڈھونڈ کر انصاف کے کٹہرے تک پہنچایا  جائےگا۔

امریکی حکام کی تفتیش سے معلوم ہوا ہےکہ اپنے سامان کی ترسیل کے لیے 5 ہزار 200 افراد نے جعلی ویب سائٹ سے ٹکٹ خریدے جس سے امریکی پوسٹل سروس کو 12 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا نقصان پہنچا۔

امریکی میڈیا کے مطابق اگر فہیم اکرم پر جرم ثابت ہوگیا تو اسے سازش اور جعلی ٹکٹ بنانے کے الزام میں 5 سال اور آن لائن فراڈ کے الزام میں 20 سال قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button