پنجاب میں طلبہ کے لیے ای بائیک اسکیم دوبارہ شروع، ایک لاکھ ای بائیکس آسان اقساط پر ملیں گی

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نوجوان طلبہ کے لیے آسان اور سود سے پاک اقساط پر ای بائیک اسکیم دوبارہ متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ صوبے میں الیکٹرک بسوں کی مینوفیکچرنگ اور ماس ٹرانزٹ نظام کی توسیع کے لیے بھی اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کے اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پنجاب نے الیکٹرک بسوں کی مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے قیام کا اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے اور صوبے میں اسمبلنگ پلانٹ نے الیکٹرک بسوں کی اسمبلنگ کا آغاز کر دیا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایک سال کے دوران طلبہ کو ایک لاکھ ای بائیکس فراہم کی جائیں گی۔ پنجاب حکومت ہر ای بائیک پر 70 ہزار روپے سبسڈی دے گی، جبکہ طلبہ کو صرف 14 ہزار روپے ڈاؤن پیمنٹ کرنا ہوگی اور باقی رقم 2100 روپے ماہانہ سود سے پاک آسان اقساط میں ادا کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ طالبات کی ای بائیکس کی ڈاؤن پیمنٹ اور رجسٹریشن فیس وہ خود ادا کریں گی، جبکہ پنجاب کے سرکاری ملازمین بھی آسان اقساط پر ای بائیکس حاصل کر سکیں گے۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں پنجاب کے 9 ڈویژنز کی 91 تحصیلوں میں 1500 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، جبکہ مختلف اضلاع کے لیے 189 نئی الیکٹرک بسیں سافٹ لانچنگ کے لیے تیار ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے الیکٹرک بس منصوبے کے آن لائن افتتاح کا عندیہ دیتے ہوئے کوٹ ادو، تلہ گنگ، تونسہ شریف، وہاڑی، لودھراں اور ننکانہ صاحب میں بھی فوری طور پر الیکٹرک بسیں چلانے اور جہاں بسوں کی تعداد 15 سے کم ہے وہاں کم از کم 15 بسیں فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔

مزید خبریں

Back to top button