گرمی اور حبس کی شدت برقرار، چند علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی

لاہور / اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ میدانی علاقوں میں شدید حبس کے باعث گرمی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے، جبکہ بعض بالائی علاقوں اور پنجاب کے چند اضلاع میں شام اور رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جس کے باعث شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم رات کے وقت سیالکوٹ اور نارووال میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ دوپہر کے بعد بالائی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہو سکتا ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی، خشک موسم اور حبس برقرار رہے گا، جبکہ ساحلی علاقوں میں جزوی طور پر ابر آلود موسم متوقع ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی، خصوصاً وسطی علاقوں میں ہیٹ ویو کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ جنوبی اضلاع میں جزوی ابر آلود موسم رہ سکتا ہے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم شام اور رات کے وقت مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو زیادہ پانی پینے، غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔



