بدین،پٹرولیم قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام کو نہ مل سکے،ٹرانسپورٹرز کی لوٹ مار

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے پیمانے پر کمی آنے کے باوجود بدین اور کراچی کے درمیان چلنے والی مسافر بسوں کے کرایوں میں کوئی کمی نہیں کی گئی، جس کے باعث ٹرانسپورٹ مافیا غریب عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے
بدین سے کراچی جانے والے طلبہ، مزدوروں اور روزانہ سفر کرنے والے مسافروں نے سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب ملک میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 420 روپے سے کم ہو کر 299 روپے تک پہنچ چکی ہے تو پھر بدین سے کراچی اور کراچی سے بدین تک ایک طرفہ کرایہ اب بھی 1400 روپے وصول کرنا کھلی لوٹ مار، ناانصافی اور غریب عوام سے دشمنی کے مترادف ہے اس حوالے سے احتجاج کرنے والے شہریوں کریم راہمون، اویس سومرو، نثار چانڈیو اور دیگر نے کہا کہ آر ٹی اے سیکریٹری اور دیگر متعلقہ عملے کی ملی بھگت سے ٹرانسپورٹرز ایک منظم اور بے لگام مافیا کی شکل اختیار کر چکے ہیں، جو قانون، ضابطوں اور سرکاری احکامات کے برعکس عوام کی مجبوریوں سے ناجائز فائدہ اٹھا رہی ہے انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ مافیا اپنی من مانی کے ذریعے مسافروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے جبکہ ذمہ دار ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں سول سوسائٹی کے رہنماؤں حیدر کاتیار، صدام پٹھان اور دیگر نے ڈپٹی کمشنر بدین اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے افسران کی نااہلی، لاپرواہی اور غفلت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی اور غیر ذمہ داری کے باعث غریب مسافر، طلبہ، محنت کش، خواتین، مریض اور بچے روزانہ اضافی کرایے ادا کرنے پر مجبور ہیں جبکہ ان کی فریاد سننے والا کوئی نہیں
انہوں نے کہا کہ اگر پیٹرول مہنگا ہونے پر کرایوں میں فوری اضافہ کر دیا جاتا ہے تو پھر پیٹرول سستا ہونے پر کرایے کم کیوں نہیں کیے جاتے؟ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر ٹرانسپورٹ مافیا کو عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈالنے کی اجازت کس نے دی ہے احتجاج کرنے والوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرانسپورٹ مافیا کے خلاف فوری اور سخت کریک ڈاؤن کیا جائے، ناجائز کرایے وصول کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، سرکاری کرایہ نامہ فوری طور پر نافذ کیا جائے اور غریب عوام کو اس بے رحم معاشی استحصال سے بچایا جائے، بصورت دیگر سخت احتجاج کیا جائے گا



