مکہ مکرمہ میں ڈرون حملے کی کوشش کی شدید مذمت، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ مکرمہ کے مقدس مقام پر ڈرون حملے کی مبینہ کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اس اشتعال انگیز واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش میں مبتلا ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ اس قابلِ مذمت اور ناقابلِ معافی فعل پر پاکستان کو جس صدمے کا سامنا ہے، اسے بیان کرنے کے لیے الفاظ ناکافی ہیں۔

شہباز شریف نے شاہی سعودی مسلح افواج کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے ان کی مستعدی، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے تمام فریقین سے ایک بار پھر انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بات چیت اور سفارت کاری ہی پائیدار امن کے حصول کا واحد راستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے ساتھ ساتھ حرمین شریفین کے تحفظ اور تقدس کے معاملے پر غیر متزلزل طور پر سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حرمین شریفین کا تحفظ اور تقدس ہر پاکستانی کے دل کے انتہائی قریب ہے اور اس حوالے سے پاکستان سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

مزید خبریں

Back to top button