پانی کی شدید قلت پر آبادگار سڑکوں پر، فصلیں تباہ ہونے لگیں، محکمہ آبپاشی کے خلاف شدید احتجاج

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)تحصیل ٹنڈو بابو کی کالی علی بحر نہر کی ٹیل تک پانی نہ پہنچنے کے خلاف آبادگاروں اور ہاریوں کا احتجاج، مین ٹنڈو باگو روڈ پر مظاہرہ تفصیل کے مطابق کالی علی بحر واہ کی ٹیل تک پانی نہ پہنچنے کے خلاف ٹیل کے آبادگاروں اور ہاریوں نے مین ٹنڈو باگو روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا احتجاج کے دوران ہاریوں اور آبادگاروں نے محکمہ آبپاشی کے افسران کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور اپنی سخت ناراضگی کا اظہار کیا احتجاج کرنے والے ہاریوں نے کہا کہ کالی علی بحر نہر کے ٹیل والے علاقوں کو پانی فراہم نہیں کیا جا رہا جس کے باعث کھڑی فصلیں سوکھ رہی ہیں اور زمینیں بنجر بنتی جا رہی ہیں اور ہاریوں کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے انہوں نے الزام عائد کیا کہ نہر پر غیر قانونی واٹر کورس قائم ہونے اور ناجائز طور پر پانی چوری ہونے کے باعث ٹیل تک پانی نہیں پہنچ رہا ہاریوں نے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی واٹر کورسز کو فوری طور پر بند کیا جائے غیر قانونی طور پر چلنے والے واٹر کورسز پر قانون کے مطابق فریم نصب کیے جائیں کالی علی بحر واہ کی مکمل صفائی کرائی جائے اور بلا تاخیر ٹیل تک پانی کی منصفانہ فراہمی یقینی بنائی جائے احتجاج کرنے والوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ آبپاشی کے متعلقہ افسران پر عائد ہوگی



