تھرپارکر میں 10 محرم الحرام عقیدت و احترام سے منایا گیا، سخت سکیورٹی کے باعث امن و امان برقرار

تھرپارکر(رپورٹ : میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) ضلع تھرپارکر میں 10 محرم الحرام انتہائی پرامن ماحول میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، جبکہ پورے ضلع میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے۔
ضلع کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں قائم تقریباً 50 امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے 800 سے زائد پولیس اہلکار اور پاک رینجرز کے جوان تعینات کیے گئے، جنہوں نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھاتے ہوئے سکیورٹی کو یقینی بنایا۔
ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی اور ایس ایس پی تھرپارکر عارف عزیز نے مٹھی، ڈیپلو، چھاچھرو اور اسلام کوٹ سمیت مختلف علاقوں کے دورے کیے اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انتظامیہ کی مؤثر نگرانی اور پولیس کی الرٹ موجودگی کے باعث کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔
مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر ایمبولینس، پانی، چائے، کافی اور نیاز کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ ضلع کے اسپتالوں میں بھی ہائی الرٹ جاری کیا گیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
مٹھی شہر میں مختلف علاقوں سے نکالے گئے ماتمی جلوس ملوک شاہ امام بارگاہ پر جمع ہوئے، جہاں سے مرکزی جلوس شہر کے مختلف راستوں سے ہوتا ہوا کشمیر چوک پہنچا۔ بعد ازاں سید کنڈل شاہ کے مقام پر مجلس کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں عزاداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
10 محرم الحرام کے موقع پر پورے شہر میں "یا حسینؑ” کے نعرے گونجتے رہے، جبکہ آخر میں ملک، قوم اور امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ تھرپارکر میں یوم عاشور کے تمام پروگرام پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوئے۔



