’’شوہر سے بھی زیادہ محبت کرتی ہوں‘‘خاتون مداح کے اظہارمحبت پر شاہ رخ خان کا یادگار جواب

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کا خاتون مداح کی جانب سے اپنے شوہر سے بھی زیادہ محبت کے اظہار پر دیا گیا ردعمل وائرل ہوگیا اور مداحوں نے کہا کہ شاہ رخ خان نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ بھارت کے سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے اسٹار ہیں بلکہ سب سے زیادہ پسند کی جانے والی عوامی شخصیت ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان نے گزشتہ روز (25) جون کو منگلورو میں ایک خصوصی تقریب میں شرکت کی، جہاں ان کی آمد پر جشن کا سماں بن گیا، ایئرپورٹ پر ان کی آمد سے لے کر اسٹیج پر مداحوں سے ملاقات تک، شاہ رخ خان کا ہر لمحہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔
مداحوں کی بڑی تعداد اپنے اسٹار کی ایک جھلک دیکھنے امڈ آئی تھی اور تقریب کے مقام پر ہر طرف جوش و خروش پایا جاتا تھا جہاں نعروں اور مسلسل شاہ رخ خان کے نام کی گونج تھی۔
سوشل میڈیا پر مذکورہ تقریب کی وائرل ہونے والی ویڈیوز میں سے ایک ویڈیو نے خاص طور پر سب کی توجہ حاصل کی اور اسی پر سب سے زیادہ بات کی جارہی ہے اور اداکار سے مزید محبت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تقریب کے دوران شاہ رخ خان نے نہایت گرم جوشی سے حاضرین سے گفتگو کی اور اپنے مشہور گانوں پر رقص بھی کیا.
اسی دوران ایک خاتون مداح نے شاہ رخ خان سے اپنی بے پناہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے شوہر سے بھی زیادہ ان سے محبت کرتی ہیں۔
شاہ رخ خان نے اس غیرمتوقع جملے پر فوراً اپنی توجہ مبذول کی، جس پر پورا ہال قہقہوں سے گونج اٹھا۔
اپنے مخصوص انداز میں ردعمل دیتے ہوئے شاہ رخ خان زور سے ہنس پڑے اور مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ سب اکیلے میں بتانا چاہیے نا، ان کا یہ مزاحیہ جواب وہاں موجود مداحوں کو بہت پسند آیا اور اس لمحے کی ویڈیو چند ہی گھنٹوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور لاکھوں افراد نے اسے دیکھا۔
شاہ رخ خان نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ یہ صرف اظہار محبت کا ایک انداز ہے اور میں آپ کے جذبات کو سمجھتا ہوں، مجھے یقین ہے کہ آپ کے شوہر بھی انہیں سمجھتے ہوں گے، میں آپ سب سے محبت کرتا ہوں، میں آپ کے شوہر سے بھی محبت کرتا ہوں اور آپ کے پورے خاندان سے بھی اور آپ کا بہت بہت شکریہ۔
سوشل میڈیا پر مداحوں نے شاہ رخ کے اس رویے کو مزاح اور خلوص سے بھرپور قرار دیا اور کہا کہ شاہ رخ خان کے اس بہترین ردعمل نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ نہ صرف سپر اسٹار ہیں بلکہ ایک باوقار، عاجز اور بااخلاق شخصیت بھی ہیں۔



