واقعۂ کربلا انسانیت کے لیے حق، انصاف اور استقامت کا ابدی پیغام ہے، مریم نواز شریف

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں شہدائے کربلا، حضرت امام حسینؓ، اہلِ بیتؓ اور حضرت بی بی زینبؓ کے صبر و استقامت کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعۂ کربلا انسانیت کے لیے حق، انصاف اور اصولوں پر ثابت قدم رہنے کی لازوال تحریک ہے۔

اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ شہدائے کربلا اور اہلِ بیتؓ سے محبت ہر مسلمان کے ایمان اور عقیدے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحۂ کربلا نے اسلامی تہذیب کے اخلاقی ضمیر کو نئی زندگی دی اور حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی اسلام اور اسلامی اقدار کی بقا کے لیے تھی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے اپنی عملی زندگی سے سیاسی اخلاقیات، حق گوئی، صبر اور استقامت کا ایسا ابدی منشور پیش کیا جو قیامت تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔ ان کے بقول حضرت امام حسینؓ کا نام ہر مظلوم کے لیے جرات، شجاعت اور حق کے علمبردار کی علامت ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ واقعۂ کربلا محض ایک جنگی داستان نہیں بلکہ روحانی استقامت، قربانی اور ایثار کا عظیم باب ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آج کے دن ہمیں حضرت امام حسینؓ کی روشن تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے حق، انصاف، صبر اور برداشت کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی ہر دور میں مظلوم اور مجبور انسانوں کے لیے حوصلے، عزم اور جدوجہد کا سرچشمہ بنی رہے گی۔

مزید خبریں

Back to top button