یومِ عاشور حق و باطل کی ابدی جدوجہد کی علامت ہے، شہدائے کربلا کی قربانی رہتی دنیا تک مشعلِ راہ رہے گی، حمزہ شہباز


لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز شریف نے یومِ عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یومِ عاشور حضرت امام حسینؓ، اہلِ بیتؓ اور ان کے جانثار رفقاء کی عظیم قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے، جنہوں نے دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے لازوال قربانیاں پیش کیں۔
حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ماہِ محرم حق و باطل کے درمیان ابدی جدوجہد کی علامت ہے۔ واقعۂ کربلا ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ ظلم، جبر اور باطل کبھی بھی حق، سچائی اور انصاف پر غالب نہیں آ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ، اہلِ بیتؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی ہر دور کے مسلمانوں کے لیے ہدایت، صبر، استقامت اور ایثار کا روشن نمونہ ہے۔ کربلا کا پیغام انسانیت کو حق کی خاطر ہر قربانی دینے اور اصولوں پر ثابت قدم رہنے کی تلقین کرتا ہے۔
نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے مزید کہا کہ واقعۂ کربلا ہمیں یہ بھی سکھاتا ہے کہ مشکلات اور آزمائشوں میں صبر و استقامت کا دامن تھامے رکھنا ہی کامیابی کا راستہ ہے، اور یہی شہدائے کربلا کا عظیم پیغام ہے۔