منشیات کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے، نوجوان نسل کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف مشترکہ عزم کا اعادہ کرتا ہے اور اس ناسور کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ انسدادِ منشیات کا عالمی دن منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ سے پیدا ہونے والے انسانی، معاشی اور معاشرتی نقصانات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کا اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کا عالمی موضوع "دیرینہ مسائل، نئے چیلنجز اور منشیات سے پاک مستقبل کے لیے اختراعی اقدامات” اس مسئلے کی سنگینی اور نئے خطرات کی جانب عالمی توجہ مبذول کراتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان منشیات کی مختلف اقسام، ان کی غیر قانونی ترسیل اور نوجوان نسل تک رسائی جیسے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ حکومت قومی استعداد کار میں اضافے، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دے رہی ہے تاکہ منشیات کے غیر قانونی نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور منشیات سے پاک تعلیمی اداروں کا قیام اس مقصد کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم نے انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام، عوامی آگاہی، طلب میں کمی اور متاثرہ افراد کے علاج و بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے اے این ایف کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکار قوم کا فخر ہیں۔
شہباز شریف نے والدین، اساتذہ، تعلیمی اداروں، سماجی رہنماؤں، ذرائع ابلاغ اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ منشیات کے خلاف قومی جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں، کیونکہ صحت مند اور محفوظ معاشرے کی تشکیل ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔



