یومِ عاشور پر بلاول بھٹو زرداری کا پیغام، امام حسینؑ کی قربانی حق، عدل اور انسانیت کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی

کراچی/اسلام آباد/لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ عاشور کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں حضرت امام حسینؑ اور ان کے وفادار ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعۂ کربلا حق کی باطل پر، اصول کی طاقت پر اور ظلم کے خلاف جرأت و استقامت کی لازوال علامت ہے۔

بلاول ہاؤس کے میڈیا سیل سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کربلا کا پیغام آج بھی پوری انسانیت کو ظلم، ناانصافی اور عدم برداشت کے خلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ سچائی سے بڑھ کر کوئی طاقت نہیں اور حق و انصاف کے راستے پر چلنے والوں کو کوئی آزمائش اپنے مقصد سے ہٹا نہیں سکتی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے قوم پر زور دیا کہ وہ واقعۂ کربلا کے عظیم پیغام سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے اتحاد، رواداری، ہمدردی اور انسانی وقار کے احترام کو فروغ دے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، ہم آہنگی اور خوشحالی سے نوازے اور پوری قوم کو عدل، ایثار اور خدمتِ انسانیت کے راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔

مزید خبریں

Back to top button