وزیراعظم شہباز شریف کا یومِ عاشور پر قوم کے نام پیغام

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ عاشور کے موقع پر قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یومِ عاشور صبر، استقامت، ایثار، حق گوئی اور اصولوں پر ثابت قدم رہنے کا عظیم درس دیتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ واقعۂ کربلا ایمان، صبر، ایثار اور اصلاحِ معاشرہ کے بے مثال اسباق سے روشناس کراتا ہے۔ حضرت امام حسینؑ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی رہتی دنیا تک حق، عدل اور انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ واقعۂ کربلا ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ اصولوں اور اعلیٰ اقدار کی پاسداری ہی ایک مہذب اور مضبوط معاشرے کی بنیاد ہے۔ آج کے دن ہمیں اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں عدل و انصاف، صبر و برداشت، برداشت، اخوت اور ذمہ داری جیسے اوصاف کو فروغ دینے کا عہد کرنا چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم اگر کربلا کے عظیم پیغام کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لے تو پاکستان امن، اتحاد، استحکام اور ترقی کی راہ پر مزید مضبوطی سے گامزن ہو سکتا ہے۔



