یومِ عاشور صبر، استقامت اور حق پر ڈٹے رہنے کا درس دیتا ہے، صدر آصف علی زرداری


اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ عاشور کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یومِ عاشور صبر، استقامت، ایثار، حق گوئی اور اصولوں پر ثابت قدم رہنے کا عظیم درس دیتا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ واقعۂ کربلا محض ایک تاریخی سانحہ نہیں بلکہ ایک دائمی پیغام اور ایک زندہ درسگاہ ہے، جہاں سے ہر دور کے انسان کو حق، انصاف، قربانی اور استقامت کا سبق ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔ یومِ عاشور ہمیں اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ حق و سچائی کے لیے ہر قربانی دینے کا جذبہ ہی کامیابی کی اصل بنیاد ہے۔
صدر مملکت نے قوم سے اپیل کی کہ یومِ عاشور کے موقع پر امن، رواداری، احترامِ باہمی اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دیا جائے، جبکہ افواہوں، نفرت انگیز مواد اور اشتعال انگیز رویوں سے مکمل اجتناب کیا جائے تاکہ ملک میں اتحاد، ہم آہنگی اور امن برقرار رہے۔