شہدائے کربلا کو سلام، ملک بھر میں آج یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کو سلام، ملک بھرمیں آج یوم عاشورعقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، اس سلسلے میں چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس برآمد ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
واقعہ کربلا کے شہدا کی یاد میں کراچی، لاہور، راولپنڈی، ملتان،سکھر، حیدرآباد، مظفر آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس نکالے جا رہے ہیں، جلوس کے ہمراہ روایتی علم، ذوالجناح اور تعزیے ہوں گے۔
اس دن کی مناسبت سے خصوصی مجالس اور دینی محافل منعقد کی جا رہی ہیں جن میں علمائے کرام امام حسینؓ کے پیغام اور ان کی قربانیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالیں گے۔
لاہور میں نثار حویلی سے برآمد ہونے والا شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس برآمد ہوگیا ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں عزادار شریک ہیں۔
مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں پر گامزن مرکزی جلوس محلہ شیعاں پہنچا مسجد محلہ شیعاں میں اذان علی اکبر ادا کردی گئی جبکہ مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا، سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے جلوس کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔
کراچی میں مرکزی جلوس آج صبح نشتر پارک سے نکالا جائے گا، جلوس سے پہلے نشتر پارک میں مرکزی مجلس ہوگی۔
پشار میں یوم عاشورہ کا پہلا جلوس امام بارگاہ آغا سید علی رضی شاہ برآمد ہو گا جس کے بعد مزید 12 ماتمی جلوس نکلیں گے اور پھر یہ اپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہو جائیں گے۔
کوئٹہ میں عاشورہ کا جلوس امام بارگاہ حسینی سادات سید آباد علمدار روڈ سے ساڑھے 8 بجے برآمد ہوگا جو شام مغربین کے بعد اختتام پذیر ہوگا، کوئٹہ میں شبیہ ذوالجناح اور علم و تعزیوں کے کل 35 دستے شامل ہیں جبکہ جلوس کے راستوں میں ناشتے، ٹھنڈے پانی، شربت کی سبیلیں جبکہ امدادی کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔
یوم عاشور کی مناسبت سے ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، تمام اہم شہروں میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر خصوصی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔
ملک بھر میں جلوسوں کے روٹ پر غیر ضروری آمدورفت کو رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا گیا ہے جبکہ حساس علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس اور دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جس کے تحت اسلحے کی نمائش پر پابندی ہے۔
جلوسوں کے اختتام کے بعد شام غریباں کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ذاکرین واقعہ کربلا کے بعد پیش آنے والے حالات کو بیان کریں گے اور پھر عزادار غم حسین میں سینہ کوبی کے بعد گھروں کو روانہ ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں نویں محرم الحرام کے جلوس اختتام پذیر ہوئے، کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر میں حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوا۔
لاہور میں پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس اختتام پذیر ہوگیا، پشاور میں امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس اختتام پذیر ہوا، کوئٹہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ناصر العزا پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا، جبکہ اسلام آباد کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثنا عشری پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، چھوٹے بڑے شہروں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔



