عاشورہ انتظامات کا جائزہ، عظمیٰ بخاری کے فیصل آباد ڈویژن کے مختلف شہروں کے دورے

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے فیصل آباد ڈویژن کے مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے عاشورہ محرم الحرام کے سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات کا جائزہ لیا۔
عظمیٰ بخاری نے فیصل آباد سٹی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کمالیہ اور پیرمحل کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مجالس، جلوسوں اور ان کے روٹس کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مجالس کی انتظامیہ سے ملاقاتیں بھی کیں اور عزاداروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں وزیر اطلاعات کو ڈپٹی کمشنر آفس میں سیکیورٹی انتظامات اور عاشورہ کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ کمالیہ میں انہوں نے قدیمی امام بارگاہ کا بھی دورہ کیا۔
عظمیٰ بخاری نے مجلس میں شریک خواتین سے بھی گفتگو کی۔ خواتین نے مجالس اور جلوسوں کے لیے حکومت پنجاب کے انتظامات اور سہولیات کو سراہا۔
دورے کے دوران وزیر اطلاعات پنجاب نے کمالیہ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم سبیل کا بھی معائنہ کیا، شربت نوش کیا اور اس کے معیار کا جائزہ لیا۔
انہوں نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور فول پروف سیکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ محرم الحرام کے ایام پرامن اور منظم انداز میں گزر سکیں۔



