غنڈہ گردوں اور بھتہ خوروں کے گرد گھیرا تنگ، پنجاب میں سخت ترین نیا قانون متعارف

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے) پنجاب حکومت نے صوبے میں غنڈہ گردی، بھتہ خوری اور سماج دشمن سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے سخت نیا قانون متعارف کرا دیا ہے۔ پرانے غنڈہ ایکٹ 1959 کی جگہ ’’دی پنجاب کنٹرول آف ہیبیچوئل آفنڈرز اینڈ اینٹی سوشل بیہیوئیر بل 2026‘‘ تیار کیا گیا ہے، جسے قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سے منظوری مل چکی ہے۔
نئے قانون کے تحت پہلی مرتبہ جرم ثابت ہونے پر ملزم کو 3 سے 5 سال قید کی سزا دی جا سکے گی، جبکہ عادی مجرموں کے لیے 7 سال تک قید اور 20 لاکھ روپے تک جرمانے کی تجویز دی گئی ہے۔
بل کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے شناختی کارڈ اور بینک اکاؤنٹس بھی بلاک کیے جا سکیں گے، جس سے ان کی مالی سرگرمیوں پر مؤثر گرفت ممکن ہو گی۔
قانون میں سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش، ہوائی فائرنگ اور دیگر سماج دشمن سرگرمیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ پولیس کو ملزمان کی ڈیجیٹل نگرانی اور بائیو میٹرک ڈیٹا جمع کرنے کے اختیارات بھی حاصل ہوں گے۔
حکام کے مطابق پنجاب اسمبلی سے منظوری کے بعد یہ قانون فوری طور پر نافذ العمل ہو جائے گا، جس کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی مزید مؤثر بنائی جا سکے گی۔



