عمرکوٹ: 100 خصوصی افراد میں معاونتی آلات تقسیم، خودمختاری اور بااختیاری کے عزم کا اعادہ

میرپورخاص (شاہد میمن\جانوڈاٹ پی کے) سماجی تنظیم سندھ ڈیزرٹ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (SDDO) اور محکمہ برائے بااختیار سازیِ خصوصی افراد (DEPD) حکومت سندھ عمرکوٹ کے اشتراک سے خصوصی افراد میں معاونتی آلات کی تقسیم کی ایک پروقار تقریب عمرکوٹ کے ایک نجی گیسٹ ہاؤس میں منعقد ہوئی۔

تقریب کا مقصد خصوصی افراد کو خودمختار، بااختیار اور معاشرے کا فعال رکن بنانے کے لیے ضروری معاونت فراہم کرنا تھا۔ تقریب میں وائس چیئرمین ضلع کونسل عمرکوٹ میاں خالد ولہاری، ایس ڈی ڈی او کے انچارج عبدالرزاق بٹو، ریجنل ڈائریکٹر ڈی ای پی ڈی میرپورخاص عبدالحمید ڈاہانی، پرنسپل ڈی ای پی ڈی پیر راحیل شریف، پرنسپل ڈگری کالج عمرکوٹ پروفیسر عبدالرؤف سومرو، پروفیسر آزاد نارائن داس مالہی، سامی فاؤنڈیشن کے سی ای او غلام مصطفیٰ کھوسو، سماجی رہنما عبداللہ کھوسو، محمد بخش کنبھر، سروپچند مالہی، میڈم کرن بشیر اور دیگر سماجی و سرکاری شخصیات نے شرکت کی۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور انہیں زندگی کے تمام شعبوں میں مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

وائس چیئرمین ضلع کونسل عمرکوٹ میاں خالد ولہاری نے کہا کہ خصوصی افراد کی خدمت ایک عظیم سماجی فریضہ ہے اور ایسے اقدامات ان کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے ساتھ انہیں معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل بھی بناتے ہیں۔ انہوں نے سندھ ڈیزرٹ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن اور ڈی ای پی ڈی کی خدمات کو سراہا۔

ریجنل ڈائریکٹر ڈی ای پی ڈی میرپورخاص عبدالحمید ڈاہانی نے کہا کہ حکومت سندھ خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور ان کی ضروریات پوری کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ معاونتی آلات کی فراہمی سے ان کی روزمرہ زندگی، نقل و حرکت اور دیگر امور میں نمایاں آسانی پیدا ہوگی۔

تقریب کے دوران 100 مستحق خصوصی افراد میں وہیل چیئرز، واکرز، بیساکھیاں، سماعتی آلات اور دیگر معاونتی سامان تقسیم کیا گیا۔ معاونتی آلات حاصل کرنے والے افراد اور ان کے اہل خانہ نے حکومت سندھ، ڈی ای پی ڈی اور سماجی تنظیموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو خصوصی افراد کے لیے امید اور سہارا قرار دیا۔

تقریب کے اختتام پر مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود، بحالی اور معاشرتی شمولیت کے لیے آئندہ بھی ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ انہیں قومی ترقی کے دھارے میں مؤثر انداز میں شامل کیا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button