فضائی آلودگی کا خطرناک ریکارڈ، پاکستان دنیا کا آلودہ ترین ملک قرار

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)فضائی آلودگی کے حوالے سے پاکستان کے لیے تشویش ناک خبر سامنے آگئی، سوئس ایئر کوالٹی مانیٹرنگ ادارے IQAir کی 2025 کی عالمی رپورٹ میں پاکستان کو دنیا کا سب سے زیادہ آلودہ ملک قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 2025 کے دوران سالانہ اوسط PM2.5 کی سطح 67.3 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ریکارڈ ہوئی، جو عالمی ادارہ صحت (WHO) کی تجویز کردہ سالانہ حد 5 مائیکروگرام سے 13 گنا سے بھی زیادہ ہے۔
عالمی درجہ بندی میں بنگلا دیش 66.1 مائیکروگرام کے ساتھ دوسرے، تاجکستان 57.3 کے ساتھ تیسرے، چاڈ 53.6 کے ساتھ چوتھے جبکہ جمہوری جمہوریہ کانگو 50.2 مائیکروگرام کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہا۔
بھارت 48.9 مائیکروگرام کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے، جبکہ کویت، یوگنڈا، مصر اور ازبکستان بالترتیب ساتویں سے دسویں نمبر پر رہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان 2024 میں بھی 73.7 مائیکروگرام کی سالانہ اوسط کے ساتھ پہلے نمبر پر تھا۔ 2025 میں اوسط آلودگی کچھ کم ہو کر 67.3 مائیکروگرام ہوئی، تاہم پاکستان عالمی درجہ بندی میں بدستور پہلے نمبر پر رہا۔
صرف 13 ممالک WHO معیار پر پورا اترے
IQAir کی رپورٹ کے مطابق 2025 میں دنیا کے صرف 13 ممالک اور خطوں میں سالانہ PM2.5 کی اوسط WHO کی تجویز کردہ 5 مائیکروگرام فی مکعب میٹر یا اس سے کم رہی۔
ان میں آسٹریلیا، آئس لینڈ، ایسٹونیا، پاناما، گریناڈا، انڈورا، برمودا، بارباڈوس، فرانسیسی پولینیشیا، پورٹو ریکو، امریکی ورجن آئی لینڈز، نیو کیلیڈونیا اور ری یونین شامل ہیں۔
دنیا کے 25 آلودہ ترین شہر بھی ایشیا میں
رپورٹ میں شہروں کی فضائی آلودگی بھی نمایاں کی گئی۔ دنیا کے 25 سب سے زیادہ آلودہ شہروں میں شامل تمام شہر بھارت، پاکستان اور چین میں واقع تھے۔
بھارت کا لونی شہر 112.5 مائیکروگرام PM2.5 کے ساتھ سرفہرست رہا، جبکہ چین کے سنکیانگ میں واقع ہوتان 109.6 مائیکروگرام کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔
143 میں سے 130 ممالک WHO معیار سے باہر
IQAir کے مطابق 2025 میں 143 ممالک، خطوں اور علاقوں کے فضائی آلودگی کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا۔ ان میں سے 130، یعنی تقریباً 91 فیصد WHO کی سالانہ PM2.5 گائیڈ لائن پر پورا نہیں اتر سکے۔
رپورٹ کے مطابق 2025 میں 75 ممالک میں PM2.5 کی سالانہ اوسط میں کمی جبکہ 54 ممالک میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ لاؤس، کمبوڈیا اور انڈونیشیا میں آلودگی میں نمایاں کمی دیکھی گئی، جس کی ایک وجہ زیادہ بارش اور ہواؤں سے جڑی لا نینا موسمی صورتحال بھی بتائی گئی ہے۔
PM2.5 کیا ہے؟
PM2.5 سے مراد فضاء میں موجود ایسے انتہائی باریک ذرات ہیں جن کا قطر 2.5 مائیکرومیٹر یا اس سے کم ہوتا ہے۔ یہ ذرات سانس کے ذریعے پھیپھڑوں کی گہرائی تک پہنچ سکتے ہیں، اسی لیے انہیں فضائی آلودگی اور اس کے ممکنہ صحت سے متعلق اثرات کا ایک اہم اشاریہ سمجھا جاتا ہے۔



