عراق نے پاکستانی زائرین کیلئےنئی اورسخت ویزا شرائط جاری کردیں

بغداد(جانوڈاٹ پی کے)عراق نے پاکستانی زائرین کے لیے نئی اور سخت ویزا شرائط جاری کر دیں۔ وزارتِ داخلہ اور عراقی حکام کی جانب سے زائرین اور زیارت گروپ آرگنائزرز کو نئے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
عراقی حکومت نے واضح کیا ہے کہ فیملی ویزا پر اکیلے سفر کرنے والے کسی بھی فرد کو عراق کی حدود میں داخلے کی اجازت نہیں ملے گی۔50سال سے کم عمر اکیلے مردزائرین کے عراق میں داخلے پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔
نئی پالیسی کے تحت عاشورہ اور اربعین کے لیے ایک ہی ویزا استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔زیارات کے لیے جاری ہونے والا عراقی ویزا صرف 30 دن کے لیے کارآمد ہوگا۔ ویزا مسترد ہونے یا ائیرپورٹ پر انٹری نہ ملنے کی صورت میں ویزا فیس کسی صورت واپس نہیں ہوگی۔پاکستان سے جانے والے زائرین کے پاسپورٹ عراق پہنچنے پر عراقی امیگریشن حکام کی تحویل میں رہیں گے۔ عراقی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ ویزا کی معیاد سے زائد قیام کی صورت میں زائرین کو بھاری جرمانے، ملک بدری اور تاحیات عراق میں داخلے پر پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔



