تھرپارکر میں ایپکس کمیٹی رابطہ اجلاس، امن و امان کا جائزہ، اہم ہدایات جاری

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ضلع تھرپارکر میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ایپکس کمیٹی کا ایک اہم اجلاس بدھ کے روز ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی زیرِ صدارت ان کے دفتر میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں ضلع کی مجموعی امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے، حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد یقینی بنانے اور انتظامی امور کو بہتر بنانے کے حوالے سے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں سی پیک اور نان سی پیک منصوبوں سے وابستہ چینی انجینئرز، غیر ملکی ماہرین اور ان کے دفاتر و کام کی جگہوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے، مدارس کی رجسٹریشن اور نگرانی، سرکاری نرخوں پر پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت اور غیر معیاری ایندھن، کم پیمائش اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر اشیائے خورونوش اور ضروری اشیاء کی قیمتوں کی نگرانی، مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے منافع خور عناصر کے خلاف سخت کارروائی، چراگاہوں، سرکاری اراضی، اہم چوراہوں اور شہری سڑکوں سے تجاوزات کے خاتمے اور منشیات و دیگر نشہ آور اشیاء کے خلاف مہم تیز کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

اجلاس میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں، غیر قانونی سگریٹ اور دیگر ممنوعہ اشیاء کے خلاف کارروائی، بھٹہ خشتوں کے باقاعدہ معائنے اور غیر ملکی یا غیر رجسٹرڈ مزدوروں کی نشاندہی کرکے قانونی کارروائی کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

کمیٹی نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، گاڑیوں میں اوور لوڈنگ اور زائد کرایہ وصولی کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کرنے، بجلی چوری، پیشہ ور بھکاریوں، چائلڈ لیبر اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات کرنے پر بھی زور دیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عبدالحلیم جاگیرانی نے کہا کہ اس اجلاس کا مقصد صوبائی اور ضلعی سطح کی ایپکس کمیٹیوں کے فیصلوں پر فوری اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ان فیصلوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو تاجروں کے گوداموں کا معائنہ کرنے، دستیاب ذخائر کی مکمل تفصیلات حاصل کرنے اور اب تک کی گئی کارروائیوں کی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کے دوران مختلف محکموں کے افسران نے اپنے اپنے شعبوں میں کیے گئے اقدامات اور پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ تمام متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button