پریس کلب اسلام کوٹ کے سامنے خاتون کا احتجاج، غیر قانونی شراب فروشی میں ملوث شخص کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

تھرپارکر (رپورٹ : مینڌرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) پریس کلب اسلام کوٹ کے سامنے پیر کالونی کی رہائشی سیتا زوجہ دیو جی کولہی اور ان کے اہل خانہ نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ دیو جی کولہی مبینہ طور پر دیسی شراب بنانے اور فروخت کرنے کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہوں نے مذکورہ غیر قانونی سرگرمیوں پر اعتراض کیا، جس کے باعث آج دیو جی کولہی ان کے گھر میں داخل ہوا، انہیں ہراساں کیا اور حملہ آور ہوا۔ احتجاج کرنے والوں نے مزید بتایا کہ اس معاملے کے حوالے سے وہ تین مرتبہ مقامی پولیس کو درخواستیں اور شکایات جمع کرا چکے ہیں۔ ان کا الزام تھا کہ کارروائی کے لیے پولیس کو دو ہزار روپے بھی دیے گئے، تاہم اس کے باوجود آج تک ملزم کے خلاف کوئی مؤثر قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ مظاہرین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button