امریکا پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا، ممکنہ معاہدے کے باوجود دفاعی تیاری برقرار رکھیں گے، ایرانی نائب صدر


تہران(ویب ڈیسک) ایرانی نائب صدر محمد رضا عارف نے کہا ہے کہ ایران کو اپنے دشمنوں پر کوئی اعتماد نہیں، اور اگر امریکا کے ساتھ کسی معاہدے تک پہنچ بھی جائیں تو اس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ دشمنانہ اقدامات مکمل طور پر ختم ہو جائیں گے۔
اپنے بیان میں محمد رضا عارف نے کہا کہ ایران ہر ممکن سفارتی پیش رفت کے باوجود اپنی دفاعی تیاری برقرار رکھے گا اور قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے زور دیا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پیش رفت کے ذریعے دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ ملک کو درپیش ممکنہ خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔
ایرانی نائب صدر کا کہنا تھا کہ قومی دفاع کو مضبوط بنانا ایران کی مستقل اور غیر متزلزل پالیسی ہے، اسی لیے امریکا کے ساتھ کسی بھی ممکنہ معاہدے پر محتاط اور حقیقت پسندانہ رویہ اختیار کرنا ضروری ہوگا۔
محمد رضا عارف نے مزید کہا کہ ایران اپنی سلامتی، خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر دفاعی استعداد کو برقرار رکھنے اور بہتر بنانے کے عزم پر قائم ہے۔