بی آر ٹی یلو لائن اسکینڈل: 8 ارب روپے کی پیشگی ادائیگی کیس میں سابق پروجیکٹ ڈائریکٹرلاہورسے گرفتار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)ٹھیکے داروں کو ساڑھے 8 ارب روپےکی پیشگی ادائیگی کے الزام میں بی آر ٹی یلو لائن کراچی کے سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا۔
اینٹی کرپشن نے خفیہ اطلاع پر ڈی ایچ اے لاہور میں کارروائی کی، سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی کو لاہور سے گرفتار کرنے کے بعد کراچی منتقل کردیا گیا۔
چیئرمین اینٹی کرپشن سندھ کے مطابق ضمیر عباسی پر مقدمہ کراچی میں چلےگا۔
ضمیر عباسی کے خلاف 10 جون کو مقدمہ درج کیا گیا تھا، انہیں یلو لائن منصوبے میں 8 ارب روپے سے زائد مالی بے قاعدگی کے اینٹی کرپشن مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے یلو لائن منصوبے میں وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم کی انکوائری رپورٹ پر مالی بے قاعدگی سامنے آئی تھی جس میں یلو لائن منصوبے کے ٹھیکیداروں کو مالی قواعد کے خلاف ساڑھے 8 ارب روپے کی ایڈوانس ادائیگی کی گئی۔



