شرجیل میمن کی امجد حسین کو گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ایڈووکیٹ امجد حسین کو گلگت بلتستان اسمبلی میں قائدِ ایوان (وزیر اعلیٰ) منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی عوام کے اعتماد، پارٹی کارکنان اور جیالوں کی انتھک محنت اور جدوجہد کا مظہر ہے۔

اپنے تہنیتی پیغام میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان پیپلز پارٹی کے عوام دوست وژن، جمہوری جدوجہد اور عوامی خدمت کی سیاست پر عوامی اعتماد کا واضح اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی ایک مضبوط سیاسی قوت کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے اور عوام نے پارٹی کی قیادت اور پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے پارٹی کارکنان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جیالوں نے جس جذبے، محنت اور لگن کے ساتھ انتخابی مہم اور انتخابی عمل میں کردار ادا کیا وہ قابلِ تحسین ہے۔

شرجیل انعام میمن نے امید ظاہر کی کہ ایڈووکیٹ امجد حسین گلگت بلتستان کی ترقی، خوشحالی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر اور بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے حقوق، جمہوریت کے استحکام اور محروم طبقات کی آواز بن کر اپنا قومی کردار ادا کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی یہ سفر جاری رہے گا۔

مزید خبریں

Back to top button