خودکشیاں یا قتل؟ تھرپارکر میں دو افسوسناک واقعات، ایک نوجوان جاں بحق، دوسرے کو پولیس نے بچا لیا

تھرپارکر(رپورٹ : میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ضلع تھرپارکر کی تحصیل ڈیپلو میں پیش آنے والے دو الگ الگ واقعات کے باعث علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔”خودکشیاں یا قتل؟ تھرپارکر میں دو افسوسناک واقعات میں ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرے کو پولیس نے بچا لیا” پہلے واقعے میں گاؤں پڑھیاری بجیر کے رہائشی 16 سالہ نوجوان قدیر ولد چھٹن بجیر نے مبینہ طور پر گھر سے دور جنگل میں خودکشی کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ اطلاع ملنے پر ڈیپلو پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے تعلقہ اسپتال ڈیپلو منتقل کر دیا۔ پولیس کے مطابق خودکشی کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ متوفی نوجوان ایک مدرسے کا طالب علم بتایا جاتا ہے۔ دوسری جانب، گزشتہ روز گاؤں کڑکاسر کے رہائشی امین ولد پیر بخش نوہڑی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ گاؤں کے بعض بااثر افراد کی مبینہ زیادتیوں سے تنگ آ کر خودکشی کرنے پر مجبور ہو گیا ہے۔ اپنے ویڈیو بیان میں اس نے طیب نوہڑی، عبدالکریم نوہڑی اور عظیم نوہڑی کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کے ذمہ دار یہی افراد ہوں گے۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد ڈیپلو پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گاؤں کڑکاسر پہنچ کر نوجوان کو انتہائی قدم اٹھانے سے روک لیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ پولیس کے مطابق معاملے کے ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ خودکشی جیسے واقعات معاشرے کے لیے انتہائی تشویشناک ہیں، اور ایسی صورتحال میں فوری طور پر اہلِ خانہ، دوستوں، برادری کے معززین اور متعلقہ اداروں سے مدد حاصل کرنا بے حد ضروری ہے۔



