کیوبا کے انقلابی رہنما رامیرو والڈیز 94 سال کی عمر میں انتقال کر گئے

کیوبا(مانیٹرنگ ڈیسک)کیوبا کے معروف انقلابی رہنما اور فیڈل کاسترو کے قریبی ساتھی رامیرُو والڈیز 94 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کی وفات کی تصدیق کیوبا کے صدر میگوئل ڈیاز کانیل نے سوشل میڈیا پر کی، تاہم موت کی وجہ نہیں بتائی گئی۔

رامیرُو والڈیز کو کیوبا کے انقلاب کے اہم ترین رہنماؤں میں شمار کیا جاتا تھا۔ وہ 1953 میں فیڈل کاسترو کے ساتھ مونکاڈا بیرک حملے میں شریک رہے اور بعد ازاں جلاوطنی کے دوران میکسیکو سے گرانما جہاز کے ذریعے واپس آ کر انقلابی جدوجہد کا حصہ بنے۔

1959 کے انقلاب کے بعد انہوں نے وزیر داخلہ، نائب وزیر دفاع اور نائب صدر سمیت کئی اہم حکومتی عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ انہیں "ہیرو آف دی ریپبلک” اور "کمانڈر آف دی ریولوشن” جیسے اعزازات سے بھی نوازا گیا۔

صدر میگوئل ڈیاز کانیل نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رامیرُو والڈیز کی جدائی ایک والد کے بچھڑنے جیسا صدمہ ہے۔

ماہرین کے مطابق رامیرُو والڈیز کی وفات کیوبا کی انقلابی تاریخ کے ایک اہم باب کے اختتام کے مترادف ہے۔

مزید خبریں

Back to top button