قومی ایئرلائن کے ساتھ دیگر ایئرلائنز کو بھی 18 فیصد سیلز ٹیکس چھوٹ دینے کی منظوری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) قومی اسمبلی کی خزانہ کمیٹی نے قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کے علاوہ دیگر ایئرلائنز کو بھی 18 فیصد سیلز ٹیکس میں چھوٹ دینے کی تجویز منظور کر لی ہے، جسے فنانس بل کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمیٹی اجلاس میں نئے جہازوں کی لیز اور پرزہ جات کی خریداری پر سیلز ٹیکس چھوٹ کا معاملہ زیر غور آیا۔ سیکریٹری خزانہ نے تجویز دی کہ یہ رعایت صرف پی آئی اے تک محدود رکھی جائے، تاہم ارکان کمیٹی نے اس پر اتفاق نہیں کیا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما سید نوید قمر نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر پی آئی اے کو ریلیف دیا جا رہا ہے تو دیگر ایئرلائنز کو بھی اس سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں متوازن راستہ نکالنا ضروری ہے۔
کمیٹی رکن ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے سوال اٹھایا کہ آیا یہ رعایت دیگر ایئرلائنز کو بھی طویل مدت کے لیے دی جائے گی یا نہیں، جبکہ رکن شرمیلا فاروقی نے مؤقف اختیار کیا کہ پالیسی کسی ایک ادارے کے لیے نہیں بلکہ پورے شعبے کے لیے یکساں ہونی چاہیے۔
کمیٹی ارکان نے یہ بھی نشاندہی کی کہ اگر کسی ایک ایئرلائن کو خصوصی رعایت دی گئی تو نئی آنے والی کمپنیوں کو نقصان ہو سکتا ہے، اس لیے مارکیٹ میں برابری کے اصول کو مدنظر رکھا جائے۔
بحث کے بعد کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ یکم جولائی 2027 سے دیگر ایئرلائنز بھی اس ٹیکس چھوٹ سے مستفید ہوں گی، اور اس شق کو فنانس بل کا حصہ بنا دیا گیا۔



