برطانیہ: پولیس اہلکار نے چور پکڑنے کے لیے نوجوان کی سائیکل استعمال کر لی، ملزم گرفتار


لندن (ویب ڈیسک) برطانیہ میں ایک دلچسپ اور سنسنی خیز واقعہ پیش آیا جہاں ایک پولیس اہلکار نے بھاگتے ہوئے چور کو پکڑنے کے لیے ایک نوجوان کی سائیکل استعمال کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
رپورٹس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب 32 سالہ فلپ پیڈگیٹ نے ایک سپر مارکیٹ سے گوشت چوری کیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس کو اطلاع ملتے ہی علاقے میں تعاقب شروع کر دیا گیا۔
پولیس اہلکار جب پیدل تعاقب کر رہا تھا تو رفتار کم ہونے کے باعث اس نے قریب موجود ایک نوجوان سے سائیکل ادھار لی اور اسے بتایا کہ وہ ایک چور کا پیچھا کر رہا ہے اور جلد واپس کر دے گا۔
نوجوان کی رضامندی کے بعد پولیس اہلکار سائیکل پر سوار ہو کر فوری تعاقب میں نکلا اور چند ہی منٹوں میں ملزم تک پہنچ کر اسے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے تقریباً 6 ہزار پاؤنڈ مالیت کی متعدد چوریاں کی تھیں، جس پر عدالت نے اسے 40 ہفتے قید کی سزا سنائی۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے اور صارفین پولیس اہلکار کی حاضر دماغی اور فوری کارروائی کو سراہ رہے ہیں۔