وفاقی حکومت کا سندھ میں 8 پولیس افسران کے تبادلوں کا فیصلہ، خدمات واپس طلب


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی حکومت نے سندھ میں تعینات 8 پولیس افسران کی خدمات واپس طلب کرتے ہوئے ان کے تبادلوں کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے چیف سیکرٹری سندھ کو ارسال کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تبادلے کے لیے نامزد افسران کی دستیابی سے آگاہ کیا جائے۔
مراسلے کے مطابق پولیس سروس گریڈ 20 کے محمد فاروق احمد کی خدمات واپس طلب کر لی گئی ہیں جبکہ گریڈ 19 کے ذیشان شفیق صدیقی اور شبیر احمد سیہڑ کو بھی وفاق کے حوالے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسی طرح گریڈ 18 کے پانچ افسران شمائل ریاض ملک، کاشف آفتاب احمد، صدام حسین، حفیظ الرحمان اور کیپٹن (ر) فیضان علی کی خدمات بھی واپس طلب کر لی گئی ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق مذکورہ افسران کی خدمات اب وفاقی سطح پر استعمال کرنے کا ارادہ ہے اور اسی سلسلے میں ضروری انتظامی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔