ٹرمپ کا دعویٰ، یورپ نے ڈیزل کے ذخائر جاری کرنے پر اتفاق کرلیا

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ یورپی ممالک نے ڈیزل کے بڑے ذخائر مارکیٹ میں لانے پر اتفاق کرلیا ہے، جس کے بعد اس عمل کا آغاز فوری طور پر کیا جائے گا۔

ٹرمپ کے مطابق یورپ کے پاس موجود ڈیزل کے ذخائر کی بڑی مقدار جاری ہونے سے عالمی ایندھن کی قلت اور قیمتوں کے دباؤ میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ امریکی صدر اس سے قبل یورپی ممالک کو خبردار کر چکے تھے کہ اگر ڈیزل کے ذخائر جاری نہ کیے گئے تو امریکا یورپ کے لیے ڈیزل کی برآمدات روک سکتا ہے۔

دوسری جانب جی7 ممالک نے انٹرنیشنل انرجی ایجنسی (آئی ای اے) کے ذریعے چار ماہ کے دوران مجموعی طور پر 10 کروڑ بیرل خام تیل اور دیگر ایندھن کے ذخائر جاری کرنے پر اتفاق کیا ہے، جس میں ابتدائی 20 روز کے دوران ڈیزل کی نمایاں مقدار مارکیٹ میں لانے کا فیصلہ بھی شامل ہے۔

ٹرمپ نے جنوبی کوریا کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے حوالے سے بھی 8.4 ارب ڈالر کے آئل ریکوری منصوبے کا دعویٰ کیا ہے۔ تاہم جنوبی کوریا کی وزارتِ صنعت کے ایک عہدیدار نے اس منصوبے کو معاہدے کا حصہ قرار دینے پر حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ معاہدہ نومبر 2025 میں جاری کیے گئے مشترکہ فیکٹ شیٹ تک محدود ہے۔

ایران کے ساتھ جاری تنازع اور آبنائے ہرمز میں توانائی کی ترسیل کو درپیش خطرات کے باعث عالمی ایندھن مارکیٹ دباؤ کا شکار ہے۔ برطانیہ میں ڈیزل کی قیمت حالیہ دنوں میں پہلی مرتبہ 2 پاؤنڈ فی لیٹر تک پہنچ گئی، جبکہ جی7 کے ذخائر جاری کرنے کے اعلان کے بعد عالمی سطح پر تیل اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔

مزید خبریں

Back to top button