حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات کا دوسرا دور آج، بیرسٹر گوہر نے تصدیق کردی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آج ہوگا، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے مذاکرات کی تصدیق کردی۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ حکومتی وفد کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا اور اہم دور آج سہ پہر 3 بجے سپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں ہوگا۔

سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق حکومت اور اپوزیشن کے وفود کی میزبانی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز مذاکرات کے پہلے دور میں حکومت نے تحریک انصاف سے اسلام آباد لانگ مارچ ختم یا ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا، جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے بانی سے ملاقات کے مطالبے پر اصرار کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مذاکرات کے دوران خیبرپختونخوا کی سکیورٹی صورتحال پر حکومتی وفد کو بریفنگ دی۔ بعد ازاں محسن نقوی اور رانا ثناء اللہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے دور کے دوران بعض مواقع پر ماحول کشیدہ بھی ہوا اور فریقین کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق حکومت نے مذاکرات میں واضح کیا کہ اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اپوزیشن سے باضابطہ طور پر لانگ مارچ ملتوی یا منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے اپوزیشن کو عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کی یقین دہانی بھی کرائی۔ دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے اپنے مطالبات اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے معاملے پر مؤقف برقرار رکھا گیا ہے۔

مذاکرات کے دوسرے دور میں فریقین کے درمیان آئندہ کے لائحہ عمل اور دیگر مطالبات پر مزید بات چیت متوقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button